ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش کے سیڑھی میں بے قابو ٹرک کی سڑک کنارے پارک تین بسوں سے ٹکر، 15 ہلاک، 60 زخمی

مدھیہ پردیش کے سیڑھی میں بے قابو ٹرک کی سڑک کنارے پارک تین بسوں سے ٹکر، 15 ہلاک، 60 زخمی

Sat, 25 Feb 2023 11:19:52    S.O. News Service

سدھی 25 فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں جمعہ کی شب کو پیش آئے ایک دردناک سڑک حادثہ میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے، جب ایک تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے پارک کی ہوئی تین بسوں کو ٹکر مار دی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ ریوا-ستنا سرحد پر برکھادا دیہات کے قریب ایک ٹنل کے باہر جمعہ کی شب قریب نو بجے پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بسوں پر سوار سبھی لوگ وزیر داخلہ امت شاہ کے پروگرام میں شریک ہونے کے بعد اپنے اپنے گاوں واپس لوٹ رہے تھے۔ جس کے دوران تینوں بسوں کو موہنیا ٹنل کے باہر روکا گیا تھا کہ سمینٹ سے بھری ایک لاری تیز رفتاری کے ساتھ ایک کے بعد دوسری پھر تیسری بس سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں دو بسوں کو شدید نقصان پہنچا البتہ تیسری بس کو نسبتاً کم نقصان ہوا ہے۔

حادثے کے فوراً بعد وہاں موجود لوگوں اور آس پاس کے گاؤں والوں کی مدد سے مسافروں کو بسوں سے نکالنے کی کوشش کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی سدھی کلکٹر اور پولیس حکام راحت اور ریسکیو ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے فوری طور پر سدھی اور ریوا ضلع انتظامیہ کے افسران کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

 وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سمیت کئی لیڈروں نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج رات کو ہی موقع پر پہنچے اور زخمیوں کا حال دریافت کیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو 2 لاکھ روپے اور دیگر زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔

سی ایم شیوراج نے یہ بھی کہا کہ اگر متوفی کے رشتہ داروں میں سے کوئی سرکاری نوکری کے لیے اہل ہے تو اسے اس کی اہلیت کے مطابق نوکری دی جائے گی۔ حادثے کے حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے مرنے والوں کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیز رفتار ٹرک کا پہیہ پھٹ گیا جس کی وجہ سے وہ بے قابو ہو کر بسوں سے ٹکرا گیا۔


Share: